نئی دہلی:13/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بیرون ملک رہ رہے 24000 سے کچھ زیادہ تعداد میں ہندوستانیوں نے خود کو ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ کرا لیا ہے۔ یہ لوگ ہندوستان میں ووٹنگ کرنے کے اہل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بیرون ملک رہ رہے ایسے اور ہندوستانی شہریوں کو یہاں ووٹر بننے کیلئے حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ایک پورٹل کا آغاز کیا ہے جہاں وہ آن لائن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ پورٹل میں عمل کو سمجھنے میں لوگوں کی مددکرنے کے لیے بار بار پوچھے جانے والے سوالات کی لمبی فہرست بھی دی گئی ہے۔ اب اس بات کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ بیرون ملک میں رہ رہے کتنے ہندوستانی یہاں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، ابھی تک صرف24348 تارکین وطن نے ہی الیکشن کمیشن کے ساتھ رجسٹریشن کرایا ہے۔ کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے 23556 ووٹر کیرالہ کے، 364 ووٹر پنجاب کے اور 14 گجرات کے ہیں۔’’پرواسی بھارتی مت داتا‘‘پورٹل کے مطابق مجموعی ووٹر وہ شخص ہے جو ہندوستان کا شہری ہے اور جس کے پاس کسی دوسرے ملک کی شہریت نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ای سی آئی ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان (eci.nic.in) پر جاکر اس پورٹل پر رجسٹریشن کرایا جا سکتا ہے۔ ایسے لوگ ہندوستان میں اس حلقہ میں ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کرا سکیں گے جس کے دائرے میں ان کی رہائش گاہ کا پتہ آتا ہے جو ان کے ہندوستانی پاسپورٹ میں لکھا ہے اور جس پر ویزا کی تصدیق کی گئی ہوگی۔ایک بار ووٹر کے طور پر نام رجسٹرڈ ہونے کے بعد مہاجر ہندوستانی کو وابسطہ حلقہ انتخابات افسر ڈاک کے ذریعے اس کے یہاں کے ایڈریس یا بیرون ملک اس کے ایڈریس پر مطلع کریں گے۔